ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یدی یورپا رشوت خوری معاملے میں بری

یدی یورپا رشوت خوری معاملے میں بری

Thu, 27 Oct 2016 11:31:13    S.O. News Service

بنگلورو۔ 26اکتوبر (ایس او نیوز)مرکزی جانچ بیورو (سي بي آئی) کی ایک خصوصی عدالت نے کرناٹک کے سابق وزیر اعلی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ریاستی صدر بی ایس یدی یورپا اور 12 دوسرے لوگوں کو 40 کروڑ روپے کی رشوت خوری اور بدعنوانی کے معاملے میں آج بری کر دیا۔کرناٹک کے لوک آیکت نے الزام لگایا تھا کہ مسٹر یدی یورپا، ان کے دو بیٹے ، داماد اورا سٹیل کمپنی جے ایس ڈبلیو مجرمانہ سازش، رشوت خوری، جعلسازی اور بدعنوانی میں ملوث ہیں۔ سی بی آئی کی چارج شیٹ کے مطابق مسٹر یدی یورپا کے وزیر اعلی کے عہدے پر رہنے کے دوران ان سے کان کنی لائسنس سمیت کچھ غیر مجاز فائدہ حاصل کرنے کے لئے 2010 میں ان کے خاندان سے منسلک 'پریرنا ٹرسٹ' کو 40 کروڑ روپے کی رشوت دی گئی تھی۔ گذشتہ تین مئی کو معاملے کی سماعت کے دوران مسٹر یدی یورپا نے خود کو بے قصور بتاتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں سیاسی سازش کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔

جھوٹے الزامات کو عدالت نے مستردکردیا : یدی یورپا: رشوت خوری کے معاملہ میں بری قرار دینے سی بی آئی کی عدالت کے فیصلہ پر مسرور کرناٹک کے سابق وزیراعلی و ریاستی بی جے پی کے سربراہ بی ایس یدی یورپا نے آج کہا ہے کہ ان کا موقف صحیح تھا۔ انہو ں نے کہا کہ انہیں اس بات کی مسرت ہورہی ہے کہ ان کے خلاف جھوٹے اور سیاسی اغراض پر مبنی الزامات کو مسترد کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ انہیں عدالت سے راحت ملی ہے جس پر پارٹی کے لاکھوں کارکن خوش ہیں۔ میں بھی خوش اور مطمئن ہوں ۔ اس موقع پر یدی یورپا کے بیٹے بی وائی راگھویندرا نے کہا ہے کہ سیاسی مقصد کے تحت ان کے خاندان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے گئے تھے جس سے گذشتہ 5برسوں کے دوران ان کے خاندان کو کافی تکلیف ہوئی تاہم بالآخر انصاف ملا جس سے پارٹی کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ 


Share: